ابنا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئیر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم پر پوری مسلم امہ سراپا احتجاج ہے اور ہمارے دل دکھ کے باعث چھلنی ہیں۔ ناموس رسالت (ص) پر مظاہرے ایک عظیم تر مشن اور مقصد کے لئے ہیں۔ لہذا جلاؤ گھیراؤ، ہنگاموں اور لوٹ مار سے اسے سبوتاژ نہ کیا جائے، کیونکہ ایسا اقدام رحمت للعالمین، خاتم المرسلین (ص) کی تعلیمات کے منافی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم قبیح ترین حرکت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی تذلیل اور اخلاقی و مذہبی اقدار و روایات کے سراسر منافی عمل ہے، جس کی مذمت کے ساتھ ساتھ اس کے تدارک کے لئے ہر سطح پر خاص طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم سمیت عالم اسلام، اقوام متحدہ میں جاندار اور موثر کردار ادا کرے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر خصوصی قوانین بنانے کی ضرورت پر زور دیا جائے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ توہین رسالت (ص) کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں گستاخانہ فلم کے خلاف بھرپور احتجاج نے ایک طرف تو سب پر یہ واضح کیا کہ امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کا مرکز و محور پیغمبر گرامی (ص) کی ذات بابرکات ہے، تاہم دوسری جانب بعض شرپسند عناصر کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا اور لوٹ مار جیسے اقدامات افسوسناک ہیں، جن سے اس مقدس کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں دشواری پیش آئی۔
سربراہ ایس یو سی کے ترجمان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس گستاخانہ فعل کے خلاف مہذب اور پرامن انداز میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں، تاہم اپنی صفوں میں ایسے شرپسند عناصر کو نہ گھسنے دیں جو احتجاج کی آڑ میں شرانگیزی کو ہوا دیں۔
.....
/169